وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ زلزلے میں جانی و مالی نقصان اٹھانے والوں کا دکھ محسوس کرسکتا ہوں، زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کےزلزلہ سےمتاثرہ علاقے میرپور کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور اور چیئرمین این ڈی ایم اے شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو زلزلے سے جانی و مالی نقصان، ریلیف کے اقدامات اور بحالی کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں وزیراعظم نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کی،اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا اقوام متحدہ میں تھا تو زلزلے کا علم ہوا، مجھے بہت افسوس ہوا، فوری طور پر یہاں کا دورہ کرنا چاہتا تھا، مگر امریکہ سے واپسی میں تاخیر ہوئی۔
زخمیوں سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ جانی و مالی نقصان اٹھانے والوں کا دکھ محسوس کرسکتا ہوں، حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے ایک پیکیج تشکیل دے رہی ہے، زلزلہ متاثرین کے لئے ہر ممکن اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔