معروف گلوکار عاطف اسلم کوک اسٹوڈیو کے نئے سیزن میں حمد پڑھیں گے۔ عاطف اسلم نے یہ حمد اپنے پانچ سالہ بیٹے کے نام کردی۔
تفصیلات کے مطابق کوک اسٹوڈیو سیزن 12 میں بس ایک دن کی دوری پر ہے اور ممکن ہے کہ اس کی پہلی قسط کا آغاز ہی سب کے دلوں پر راج کرنے والے عاطف اسلم کی حمد سے ہو۔
عاطف اسلم نے کوک اسٹوڈیو سیزن 8 میں مشہور صوفیانہ کلام “تاجدار حرم” پڑھا جسے سب سے زیادہ پزیرائی ملی تھی۔ یہ کوک اسٹوڈیو پاکستان کی تاریخ کا مقبول ترین کلام بھی ہے جسے ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر اب تک 10 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
اس بار کوک اسٹوڈیو سیزن 12 میں عاطف اسلم کی آواز میں شہنشاہ قوال نصرت فتح علی خان کی مقبول حمد ’وہی خدا ہے‘ پیش کی جائے گی۔
عاطف اسلم نے حمد کی کچھ جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔ ویڈیو کے ساتھ عاطف اسلم نےخدا کی حمد و ثنا بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بے شک تمام تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں۔‘‘
https://www.instagram.com/p/B3ZrqnZlq3T/
عاطف اسلم نے ویڈیو میں حمد پڑھنے اور خدا کے ساتھ اپنے روحانی رابطے کا تجربہ بھی لوگوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا ’’جو دل سے چیز پڑھی ہوئی ہوتی ہے وہ آپ کے حضور قبول ہوتی ہے، اور ایک دفعہ قبول ہوجائے تو آپ اس فہرست میں شامل ہوجاتے ہیں جن کو وہ (خدا) چاہتا ہے۔‘‘
نئے سیزن میں حمد ’وہی خدا ہے‘ حمد پیش کرنے سے متعلق عاطف اسلم کا مزید کہنا ہے کہ میں یہ حمد اپنے پانچ سالہ بیٹے کے نام کرتا ہوں کیونکہ جب وہ بڑا ہوگا تو اس کو سنے گا، اسے خوشی ہوگی کے میرے والد نے حمد پڑھی تھی۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ جب وہ سنے گا کہ حمد میں کیا بیان گیا ہے تو سمجھے گا اپنے آپ کو جانچ سکے گا تاکہ وہ اپنا راستہ اور اللہ کو خود اپنے طریقے سے تلاش کرسکے۔
یاد رہے کہ کوک اسٹوڈیو کے ابتدائی 6 سیزن روحیل حیات نے پروڈیوس کیے تھے اور اب وہ مداحوں کے اسرار پر سیزن 12 بھی پروڈیوس کر رہے ہیں۔
جب کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 7 سے 10 معروف بینڈ اسٹرنگز نے پروڈیوس کیے تھے بعدازاں سیزن 11 زوہیب قاضی اور ‘نوری بینڈ’ کے علی حمزہ نے پروڈیوس کیا۔
واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کی پہلی قسط کل جاری کی جائے گی جس کا مداحوں کو بےصبری سے انتطار ہے۔