سری لنکا سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ کے بعد پاکستان کے 5 پوائنٹس کم ہوگئے۔ تاہم 274 پوائنٹس کے ساتھ سرفرازالیون ٹاپ پوزیشن بر قرار رکھے ہوئے ہے۔ سری لنکا نے ایک درجہ ترقی کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-3 کے کلین سوئپ سے پاکستان کے 5 پوائنٹس کم ہوگئے ہیں ، تاہم 274 پوائنٹس کے ساتھ گرین شرٹس کی ٹاپ پوزیشن برقرار ہے۔ دوسرے نمبر پرفائزانگلینڈ پرگرین شرٹس کواب بھی 8 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ جنوبی افریقا تیسرے،بھارت چوتھے، آسٹریلیا پانچویں اور نیوزی لینڈ چھٹے نمبر پر ہے۔ کلین سوئپ فتح کی بدولت سری لنکا نے اپنے پوائنٹس 241 کرلیے اور افغانستان کو پیچھے چھوڑ کرساتویں نمبر پرترقی کرلی ہے۔
بیٹنگ میں پاکستان کے بابراعظم بدستور ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بیٹسمین ہیں۔ فخرزمان تین درجہ نیچے چودہویں نمبر پرچلے گئے ہیں۔ بولنگ میں عماد وسیم کی افغان کپتان راشد خان کے بعد دوسری پوزیشن قائم ہے۔ شاداب خان ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ فہیم اشرف تین درجہ تنزلی کے بعد سترہویں اور محمدعامر دو درجہ ترقی پاکر 33 ویں نمبر پرفائز ہوگئے ہیں۔