وزیراعظم آج نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کریں گے۔ نوجوانوں کو کاروبار، اعلی تعلیم اورہنر کے مواقع ملیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کریں گے۔ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو دس ہزار سے پچاس لاکھ روپے تک قرض ملے گا۔ نوجوانوں کو کاروبار، اعلی تعلیم اور ہنر کے مواقع ملیں گے۔
پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے کے لیے نوجوان گھر بیٹھے ویب سائٹ پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 100 ارب کا خطیر سرمایہ نوجوانوں کو قرضوں کی شکل میں مہیا کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ پروگرام میں نوجوانوں کو مناسب پلیٹ فارم فراہم کرتے ہوئے روزگار کے مواقع یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام پر عوام کے ٹیکس کی رقم خرچ نہیں ہوگی اور اس کیلئے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے تعاون کیا ہے۔
عثمان ڈار نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کے روشن مستقبل کے اہداف کے حصول کے لئے انہیں مدد دینے کے لئے ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی وضع کرے گی۔