اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں نیب نے مزید 15 دن کے ریمانڈ کی استدعا کردی۔
تفصیلات کے مطابق سکھر کی احتساب عدالت میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشیدشاہ کے خلاف اثاثہ جات کیس پر سماعت ہوئی ، خورشید احمد شاہ کو ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد چوتھی بار احتساب عدالت میں پیش کیا گیا،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔
سماعت شروع ہوئی تو وکیل نیب نے نیب کی جانب سے کی گئی تحقیقات سے عدالت کو آگاہ کیا اور کہاکہ تحقیقات جاری ہیں مزید ریمانڈ دیا جائے، خورشید شاہ نیب سے مکمل تعاون نہیں کر رہے، ہم کو 15دن کا مزید ریمانڈ دیا جائے-
رضا ربانی نے کہا کہ نیب نے جو بھی سوالات دیئے ان کا جواب جمع کرا دیا گیا، پہلے دن سے کہنا تھا خورشید شاہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، 5 ارب کی کہانی متاثرین باجوڑ کے اکاؤنٹ پرختم ہوتی ہے، گھر ،اسمبلی کے فنڈز ریزنگ اکاؤنٹ کی بنا پرحراست میں رکھا گیا ہے، یہ سب ہی پوچھنااور کرنا تھا تو گرفتار کرنے کی کیا ضرورت تھی۔
یاد رہے گذشتہ سماعت میں احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا چھ روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے دوبارہ اکیس اکتوبر کو پیش کرنے کے احکامات جاری کئے تھے، خورشید شاہ نے کہا تھا کہ بائیس سال کی عمرسے کاروبار کررہا ہوں، جیلوں سے نہیں ڈرتا۔