لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کو طبیعت خراب ہونے کے سبب سروسسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ان کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپتال کے وی آئی پی کمرے کو ہی نیب کی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے علاوہ کسی کو سابق وزیراعظم سے ملاقات کی اجازت نہیں ہو گی۔
نوازشریف جب تک جیل میں رہیں گے نیب اور پولیس کے اہلکار وہاں موجود رہیں گے۔
قومی احتساب بیورو(نیب) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو ڈینگی رپورٹ نہیں ہوا اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ترجمان نیب کے مطابق سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج کی دوائی نے خون گاڑھا ہوا جس کی وجہ سے پلیٹ لیٹس کم رپورٹ ہوئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب سابق وزیراعظم کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کے خون میں سفید خلیوں کی رپورٹس غیر تسلی بخش آئی ہے جس کے بعد ڈاکٹروں کے مشورے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی جانیں: نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی کو قاتل ٹھہرائیں گے، شہباز شریف
میاں نواز شریف کی صحت سے متعلق ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر آگاہ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم کی صحت انتہائی تشویشناک حد تک خراب ہے۔