لاہور: وزیراعظم عمران خان نے حزب ِ اختلاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جماعتیں مل کر بھی آزادی مارچ کر لیں جب تک میں زندہ ہوں کسی کو بھی این آر او نہیں دوں گا۔
ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک این آراو نوازشریف اوردوسرا آصف زرداری کوملا جس کی وجہ سے ملک کی یہ حالت ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک پر 4 گنا قرضہ بلاوجہ نہیں بڑھا، ماضی میں سب نے مل کر ملک کو لوٹا ہے، اقامہ منی لانڈرنگ کا ایک طریقہ تھا، کیا وزیراعظم اور وفاقی وزرا بھی دوسرے ملک میں نوکری کرتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بننےکےبعد پہلی تقریر میں پیشگوئی کی تھی کہ یہ کرپٹ ٹولہ ایک ہوجائےگا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے، ملکی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، آزادی مارچ والوں کو خوف ہے کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ حکومت کامیاب ہورہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے پہلے سال کا موازنہ کرلیں، ہماری حکومت کے پہلے سال میں سب سے کم مہنگائی ہوئی ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ وفاق اورصوبائی حکومت سے پوچھا گیا کیا کہ نوازشریف کی زندگی کی ضمانت دے سکتے ہیں؟ میں اپنی زندگی کی ضمانت نہیں دے سکتا کسی اور کی ضمانت کیسے دوں؟