داعش نے اپنے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
داعش نے ہلاکت کی تصدیق اپنے آڈیو بیان میں کی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کے بعد ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کوداعش کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر کوامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ شام میں ایک خصوصی آپریشن کے دوران داعش کے سربراہ ابوبکر الغدادی ہلاک ہو گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اہم میڈیا بریفنگ میں ابوبکر البغدادی کو دنیا کا نمبر ایک دہشت گرد قرار دیا اور کہا تھا کہ وہ شام میں ایک سرنگ کے اندر چھپے ہوئے تھے جسے ہم نے 2ہفتے قبل ڈھونڈ نکالا تھا اور مسلسل نگرانی کررہے تھے۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ ابوبکر البغدادی کی موجودگی کی 100فیصد تصدیق کے بعد امریکی سیکورٹی فورسز نے آپریشن کا آغاز کیا جو 2 گھنٹے جاری رہا اور اس دوران ابوبکرالبغدادی نے خود کو دھماکے سے اْڑا لیا جس میں ان کے 3 بچے بھی ہلاک یوگئے تھے۔
یہ بھی خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی حکام نے داعش کے سربراہ ابو بکر بغدادی کے خلاف فوجی کارروائی کی تصاویر اور ویڈیو جاری کر دی تھیں۔
امریکی مرکزی کمان کے سربراہ جنرل کینتھ مک کینزی نے واشنگٹن حکام کو کارروائی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔
انہوں نے تصدیق کی تھی کہ بغدادی کی لاش کو کارروائی کے بعد 24 گھنٹے کے اندر ہی سمند برد کردیا گیا۔ یہ ایک کامیاب کارروائی تھی، لیکن داعش ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔