اگلے دو روز کے دوران شہر کراچی میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ موسم سرما کی پہلی سرد لہر کے دوران درجہ حرارت میں مذید 3 ڈگری کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسم سرما کے مغربی ہواؤں کے سلسلے کی وجہ سے شمالی علاقہ جات اور ملک کے دیگر علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے اثرات شہر پر سرد ہواؤں کی شکل میں اثرانداز ہوسکتے ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق اگلے 2 روز کے دوران شہر کا کم سے کم پارہ 3 ڈگری کمی سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے،ان کا کہنا ہے کہ نومبر میں کم سے کم درجہ حرارت کا ریکارڈ 16.8 ڈگری ہے، متوقع سردی کی جذوی لہر کی وجہ سے کوئی ریکارڈ تو نہیں ٹوٹ رہا تاہم گذشتہ کے مقابلے میں خنکی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
ان کا کہناہے کہ آج کل شہر کا صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 23 سے 24 ڈگری ریکارڈ ہورہا ہے۔