پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے بغیر ہی فٹنس کیمپ لگا لیا۔ قومی ٹیم کے بیشتر کھلاڑی دورہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں مصروف ہیں جبکہ عماد وسیم عمرے کی ادائیگی پر روانہ ہو گئے جبکہ محمد عامر جانے کو تیار ہیں اکیلے محمد عرفان کو ہی تمام گر سکھائے جائیں گے۔
پی سی بی کے انوکھے فیصلے۔ قومی کرکٹرزکا فٹنس کیمپ ایسے وقت میں لگا لیا جب بیشتر کھلاڑی دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے دورہ آسٹریلیا پر ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں۔ این سی اے لاہور میں فٹنس کیمپ کے پہلے روز دو سینیئر کھلاڑی محمد عامر اور محمد عرفان سیمت دیگر جونیئر کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ آٹھ روزہ کیمپ پچیس نومبر تک جاری رہے گا۔
فٹنس کیمپ میں طلب عماد وسیم عمرہ کی ادائیگی پر چلے گئے جبکہ شاداب خان، فخر زمان اور عثمان قادر کو ڈومیسٹک کرکٹ میں مصروفیت کے باعث کیمپ میں طلب نہیں کیا گیا۔ اس طرح شعیب ملک، آصف علی اور وہاب ریاض کو جنوبی افریقہ میں جاری ٹی ٹونٹی لیگ کے لیے این او سی جاری کر دیا گیا جبکہ خوشدل شاہ اور محمد حسنین ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں شرکت کے باعث کیمپ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ فاسٹ بولر محمد عامر بھی عمرہ کیلئے تیاری کر رہے ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تین کھلاڑیوں کو بلا کر اسے فٹنس کیمپ کا نام دے دیا گیا ہے۔