جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں جاری ہے، اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت کررہے ہیں،پیپلزپارٹی کا وفد بلاول بھٹو جبکہ (ن) لیگی وفد احسن اقبال کی قیادت میں شریک ہے۔
مولانا فضل الرحمان کی دعوت پر محمود خان اچکزئی اور پروفیسر ساجد میر بھی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں جبکہ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی بیماری کے باعث شریک نہیں، ان کی پارٹی کا وفد اے پی سی شرکت کررہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے پی سی میں آزادی مارچ کے پلان بی کے بعد آئندہ کی حکمت عملی وضع کی جائے گی اور ایوان کے اندر احتجاج کیساتھ تحریک عدم اعتماد کے آپشن پر غور ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں (ن) لیگ وزیراعظم کے خلاف تحریک استحقاق کے حوالے سے بریفنگ دیگی جبکہ مولانا فضل الرحمان اجتماعی استعفوں کا آپشن ایک بار پھر شرکا کے سامنے رکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اِن ہاؤس تبدیلی کی خواہاں ہے جبکہ اجتماعی استعفوں پراپوزیشن جماعتوں میں اتفاق رائے نہیں پایا جاتا۔
اے پی سی میں پیپلز پارٹی اپوزیشن کی سات جماعتوں کو میثاق جمہوریت پر دستخط کی پیشکش کرے گی،پیپلز پارٹی کو تاحال اچانک مارچ ختم کرنے اور ق لیگ سے طے ہونے والے معاملات پر تحفظات ہیں اس سے قبل رہبر کمیٹی میں بھی پیپلز پارٹی نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کی تجویز دی تھی۔