اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔
ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں کیس کی سماعت کی، عدالت نے ایک کروڑ کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
قومی احتساب بیورو نے آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی تھی۔
نیب نے تحریری جواب میں مؤقف اپنایا کہ فریال تالپور جعلی بینک اکاونٹس کیس کی نامزد ملزمہ اور مستفید ہونے والوں میں شامل ہیں۔
قومی احتساب بیورو نے مؤقف اپنایا کہ میگا منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپور کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کردیا ہے، ملزمہ جعلی اکاونٹس کیس کی اہم کمپنی زرداری گروپ کی سی ای او ہیں،
عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ فریال تالپور زرداری گروپ کے اکاونٹس کی دستخط کنندہ ہیں۔