اسلام آباد: آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے وزیراعظم عمران خان سے آج ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
معتبر ذرائع نے پاک الرٹز کو بتایا کہ آئی جی نے ملاقات کے دوران سندھ حکومت سے متعلق شکایات کے بارے میں وزیراعظم کو بتایا اور محکمہ پولیس میں مداخلت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران کلیم امام کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے خلاف ضابطہ اقدامات ماننے اور من پسند ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پیز لگانے سے انکار کیا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ میں نے محکمہ پولیس کے لیے مختص فنڈز دیگر محکموں میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی اور نہ ہی جرائم پیشہ افراد کی سیاسی پشت پناہی کرنے والوں کو رعایت دی۔
آئی جی سندھ نے وزیراعظم کو بتایا کہ سندھ حکومت نے انتقامی کارروائی کے طور پر محکمہ پولیس کے بجٹ میں کٹوتی کی۔
ان کے مطابق سندھ حکومت کے کچھ ارکان اسمبلی تجاوزات اور جنگلات کی اراضی پر قبضے کرنے والوں کی پشت پناہی کررہے تھے۔
گزشتہ روز ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آئی جی سندھ کے عہدے کے لیے مشتاق مہر کے نام پر اعتراض اٹھایا گیا۔