وزیر ریلوے شیخ رشید نے ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث ریلوے کے کرائے میں اضافے کا اعلان کردیا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ڈالر مہنگا ہوگیا ہے اس لیے ریلوے کے کرائے میں اضافہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز پر وائی فائی چلا رہے ہیں جب کہ معزور افراد کی سہولت کے لیے کام شروع کردیا اور ٹریکنگ سسٹم کا آغاز بھی کررہے ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سیاحوں کے لیے تین نئی سفاری ٹرینیں چلائیں گے اور 23 دسمبر کو کراچی سے پشاور تک رحمان بابا ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سرکلر ریلوے کا جائزہ لینے کراچی جارہے ہیں اور اس معاملے پر چیف جسٹس پاکستان سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ لوگوں کے گھر گرائے جائیں۔
وزیر ریلوے نے اعلان کیا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل نہیں کر رہے، انہیں آپشن دے رہے ہیں کہ ملازمتوں کے لیے دیے جانے والے اشتہار کے بعد نوکری کے لیے اپلائی کریں۔