لاہور: اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اچھی رپورٹس نہیں مل رہیں، کسی ریاست کو حق نہیں کہ عوام کو قید میں رکھے، دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے بہتر کارکردگی کی ضرورت ہے۔
انتونیوگوتریس نے اقوام متحدہ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر تنازع کا حل بات چیت سے چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق سے متعلق بین الاقوامی قوانین دنیا کے ہر ملک پر لاگوہوتے ہیں۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ میں نوجوانوں کا اہم کردار ہوتا ہے، وہ دنیا میں مثبت انقلاب لاتے ہیں۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا ہم نے ماحولیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال اور گلوبلائزیشن پر توجہ نہیں دی، ان پر توجہ کی ضرورت ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا دہشت گرد انٹر نیٹ کااستعمال کرتے ہیں اور اس پر ہمیں قابو پانا ہوگا۔ دہشت گردی دنیا میں ایک ناسور ہے جس سے نمٹنے کے لیے بہتر حکمت عملیاں اپنانی ہوں گی۔