کراچی: محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی نے کوروناوائرس کے سبب پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبا کو اگلی کلاس میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ طلبا کے مڈٹرم اسکول کے نتائج دیکھ کر طالبعلموں کو پروموٹ کردیا جائے۔
اسٹیرنگ کمیٹی نے تمام اسکولوں کو اسکول بند رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی کے فیصلے کے بعد وزیرتعلیم نے اسکولوں کو ہدایت پرعمل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئے تعلیمی سال کا آغازیکم جون2020 سے ہوگا اور نہم و دہم کے امتحانات 15 جون کو ہوں گے اور نتائج 15 اگست2020 کو جاری کیے جائیں گے۔
وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ کے نئے داخلے15 جولائی2020 سے شروع ہوں اور نئے کلاسیں 15 اگست سے شروع ہوں گی۔
انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 6 جولائی 2020 سے شروع ہوں گے جن کے نتائج 15 ستمبر2020 کو جاری ہوں گے۔
وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ اسکولوں کی بندش کے دوران والدین کو بچوں کی فیس جمع کرانی ہوگی وہ تعلیمی ادارے اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کر سکیں۔
پاکستان میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سندھ میں سامنے آئے ہیں اور تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
تادم تحریر پاکستان میں کورونا کے94 مریض ہیں جن میں سے سندھ میں 74 مریض ہیں۔