اسلام آباد: (17 مارچ 2020) وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ملک میں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا کہ جس نے عوام کی تکلیف سے فائدہ اٹھایا، اسے برے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دیکھا ملک میں آٹے اور چینی کا بحران پیدا کیا گیا اور اب کرونا وائرس کے معاملے پر ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی کی کوشش کی جا رہی ہے۔
میں ان عناصر کو خبردار کرتا ہوں کہ اگر ایسا کیا گیا تو ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ایک اکنامک کمیٹی تشکیل دی ہے جو نظر رکھے گی کہ کرونا وائرس کے حوالے سے ملک میں مہنگائی یا ذخیرہ اندوزی تو نہیں کی جا رہی اور اگر کوئی شخص اس میں ملوث پایا گیا تو اسے حکومت کی جانب سے برے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔