کراچی: (17 مارچ 2020) سندھ حکومت نے کل سے صوبے کو لاک ڈاون کر نے کا اعلان کردیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ کل سے سندھ میں ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز،سی ویو اور پارکس 15روز کے لیے بند رکھے جائیں گے ۔ حکم نامے کے مطابق سبزی،میڈ یکل اسٹورز ،راشن ،گوشت کی دوکانیں کھلی رہیں گی جبکہ ریسٹورنٹس پر بیٹھ کر کھانا کھانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ سندھ کے سرکاری دفاتر اور انٹرا سٹی بس سروس پرسوں سے بند کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہناہے کہ ہم لوگوں کو گھروں میں محفوظ کرنا چاہتے ہیں ،اس دوران کے الیکٹرک بلا تعطل بجلی فراہم کرے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 3ارب روپے کی مالیت سے کرونا وائرس فنڈ بھی قائم کرنے کا اعلان کیا جس میں صوبائی کابینہ کی ایک ،ایک ماہ کی تنخواہ جمع کی جائے گی جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سے بھی فنڈکے لیے پیسے لیے جائیں گے ۔