کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہمیں ایک نئے لاک ڈاوَن کی طرف جانا ہوگا لیکن وزیراعظم سے درخواست ہیں فیصلہ آپ کریں۔
پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہمیں صرف زندگی بچانی ہے کیوں کہ معیشت سنبھل جائے گی لیکن انسان دوبارہ واپس نہیں آسکتے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز دی کہ کرفیو یا لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ قومی سطح پر کیاجائے تو بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لوگوں کی زندگی اتنی ہی عزیز ہے جتنی اپنی، پہلے دن سے سماجی فاصلے رکھنے پر زور دیا جارہا ہے۔
کورونا وائرس ملک ہی نہیں ساری دنیا کا مسئلہ ہے، مشکل حالات میں کوئی اکیلے فیصلہ نہیں کرسکتا۔
مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ بغیر سوچے سمجھے لاک ڈاوَن کا الزام بے بنیاد ہے، غلطیاں ہوتی رہتی ہیں لیکن کچھ نہ کرنے کی غلطی نہیں ہونی چاہیے، وائرس سے متعلق کوئی بھی غلطی کرے گا تو اس سے پوری دنیا متاثر ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے یہ بھی وفاق کو بتادیا تھا کہ لاک ڈاؤن 100فیصد ایفیکٹو نہیں ہورہا۔ وفاق نے اپنا پروگرام بنالیا لیکن اس میں سماجی فاصلے کا خیال نہیں ہورہا۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت اس وقت تک 3کروڑ اٹھاسی لاکھ روپے خرچ کر چکی ہے۔
یہ پیسے ہم نے ایکسپو سینٹر کے اسپتال پر خرچ کیے، سندھ حکومت نے پاک فوج کو پیسے دیئے انھوں نے خرچہ کیا۔