کراچی: حکومت سندھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک میں نماز، تراویح اور گھروں میں ادا کریں تاکہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا ماہرین کے مطابق اگلے 15 دن بہت اہم ہیں اور علمائے کرام سے ہماری درخواست ہے کہ حکومت سےتعاون کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتال بھرگئے ہیں، اجتماعات سے گزیز نہ کیا تو وبا تیزی سے پھیلے گی، ہم نے فیصلے ڈاکٹروں اور ماہرین کی مشاورت سے کیے ہیں۔ مرادعلی شاہ نے کہا کہ مساجد میں منتظمین ہی نماز تروایح ادا کرسکیں گے۔
خیال رہے کہ سندھ میں 3671 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 73 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں اموات کل مریضوں کا 1.98 فیصد ہے۔
ضلع وسطی کراچی میں 29 اورشرقی میں 25 نئے کیسز آئے ہیں۔ کراچی کے علاقے ملیر میں 79، جنوبی کراچی میں63 اور غربی کراچی میں 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سکھر میں 20، شہید بینظیرآباد8، لاڑکانہ 11، دادو 2، گھوٹکی اور سجاول میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔
صو بائی وزیرصحت عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ مئی میں کورونا کیسز میں اضافہ اپنی بلندی پر ہوگا۔ لاک ڈاون میں نرمی سے تعداد اور زیادہ بڑھ جائے گی۔ سندھ میں ٹیسٹ کی تعداد کے اعتبار سے مثبت کیسز کی شرح دس فیصد ہے۔