لاہور: پنجاب میں کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ کیسز کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
پنجاب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 15 مارچ کو سامنے آیا اور پانچ دن بعد 20 مارچ کو کیسز کی تعداد 104 ہو گئی ۔ پہلے 5 ہزار کیسز تک پہنچنے میں 40 دن لگے اور اگلے 5 ہزار کیسز صرف 14 دن میں سامنے آئے۔
پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچنے میں 19 دن لگے اور 3 اپریل کو تعداد 1072 ہو گئی جبکہ 24 اپریل کو پنجاب میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 5 ہزار 46 ہو گئی۔
صوبے میں اگلے پانچ ہزار کیسز کی صرف 14 روز میں تصدیق ہوئی اور 8 مئی کو کورونا کیسز کی تعداد 10 ہزار 33 ہو گئی۔
صوبے میں پہلے کیس سے 10 ہزار کیسز سامنے آنے میں 54 دن لگے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 956 کیسز 8 مئی کو سامنے آئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 618 ہو گئی جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 27 ہزار 474 تک پہنچ گئی.
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,637 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق اور 24 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس کے 7 ہزار 756 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔