بیروت: لبنان کے درالحکومت بیروت میں زور دار دھماکے ہوئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں 78 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ قریباً چار ہزار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
لبنان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے حوالےسے بتایا ہے کہ دو دھماکے ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں متعدد گھروں، دفاتر اور دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ درجنوں گاڑیاں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجسنی کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکوں کی آوازیں آٹھ کلو میٹر دور تک سنی گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں بندرگاہ کا علاقہ بہت بری طرح متاثر ہوا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکوں کے باعث عمارتیں بری طرح لرز گئیں، ہر طرف چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں اور عینی شاہدین نے سیاہ دھویں کو اوپر دور تک اٹھتے ہوئے دیکھا۔
عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے مقامی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ متعدد زخمیوں کے اجسام خون آلود بھی دکھائی دیے ہیں۔
لبنانی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تباہی کے ذمہ داروں کو قیمت چکانا ہوگی، حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ کے قریبی علاقے میں ہونے والے دھماکے کافی شدید نوعیت کے تھے۔
وزیر صحت حماد حسن کا کہنا ہے کہ دھماکوں سے بڑی تعداد میں شہری زخمی ہوئے ہیں اورنقصان بھی غیر معمولی ہوا ہے۔