احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو(نیب) کے دائرہ اختیار کیخلاف سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
آصف علی زرداری نے پارک لین ریفرنس میں نیب کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا۔ احتساب عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد آج فیصلہ سنایا۔
احتساب عدالت کی جانب سے جاری مختصر فیصلے میں کہا گہا ہے کہ پارک لین کیس بنتا ہے اور آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
احتساب عدالت اسلام آباد نے 10اگست کو پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارک لین ریفرنس میں آصف علی زرداری پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے قومی خزانے کو 3 ارب 77 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ ریفرنس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر عثمان سیف اللہ، انور سیف اللہ اور سلیم سیف اللہ سمیت دیگر ملزم نامزد ہیں۔
آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا بھی الزام ہے جب کہ اس کیس میں بلاول بھٹو زردای بھی نامزد ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت دو ارب روپے ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔