چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت میں ریمارکس دیےکہ ایپ پر سکیورٹی کے پس منظر میں تو پابندی نہیں لگائی گئی؟ اس طرح تو پورا انٹرنیٹ بند کرنا پڑے گا اور یہ تو نہیں کہ موٹروے پر کرائم ہوگیا تو موٹروے ہی بند کردیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں ٹک ٹاک پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس میں شہری اشفاق جٹ نے ٹک ٹاک پر پابندی کےخلاف دائر درخواست میں سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چیئرمین پی ٹی اے کو فریق بنایا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی اے نے 9 اکتوبر کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی اور واضح حکم جاری کیے بغیر پریس ریلیز کے ذریعے پابندی عائد کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیکا ایکٹ کی سیکشن 37 ون کے تحت عارضی معطلی کا کوئی تصور نہیں، پی ٹی اے نے وفاقی حکومت یا کابینہ کی منظوری کے بغیر فیصلہ کیا جو پیکا ایکٹ کی خلاف ورزی ہے لہٰذا پی ٹی اے کو ٹک ٹاک پر پابندی ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔