کراچی: سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی سرکلر ریلوے کیس میں وزیراعلیٰ سندھ کو حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سرکلر ریلوے کی بحالی کے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے استفسار کیا کہ عملدرآمد رپورٹ کہا ں ہے؟
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ اورچیف سیکریٹری جواب دینے سے قاصر رہے۔ چیف جسٹس نے کہا وزیراعلیٰ سندھ نے ہمارے حکم پر عملدرآمد کیا یا نہیں؟
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت سے گزارش کی کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ ہائی کورٹ میں مصروف ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے بجائے ہم ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو بلا لیتے ہیں۔
چیف جسٹس گلزاراحمد نے حکم دیا آپ جائیں اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بلا کر لائیں۔ ہم نے وزیراعلیٰ سندھ کو عملدرآمد کا کہا تھا اس پر کیسے کام نہیں ہوا؟ عدالت کے حکم پر کتناعمل درآمد ہواہے؟