اسلام آباد: ملک میں مہنگائی 7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور مارچ میں مہنگائی بڑھ کر 9.05 فیصد تک جا پہنچی۔
ملک میں مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہےاور فروری کی نسبت مارچ میں مہنگائی میں 0.36 فیصد اضافہ ہوا اس طرح مارچ میں مہنگائی 9 فیصد سے بڑھ گئی جب کہ فروری 2021 میں مہنگائی کی شرح 8.7 فیصد تھی، جولائی تا مارچ مہنگائی کی اوسط شرح 8.34 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کے مطابق مارچ میں ماہانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں چینی 4.82 فیصد اور ٹماٹر4.67 فیصد مہنگے ہوئے، آلو 9.54 فیصد،انڈے 12.96 اور آٹا 1.46 فیصد مہنگا ہوا جب کہ مارچ میں سالانہ بنیاد پر شہری علاقوں میں چینی 23.47 فیصد مہنگی ہوئی۔
مارچ میں سالانہ بنیادوں پر آٹا 18.94 فیصد مہنگا ہوا، گندم 35.17 فیصد،چکن 40.73 اورانڈے 64.62 فیصد مہنگے ہوئےجب کہ گھی 17.46 اور کوکنگ آئل 15.25 فیصد مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی تا مارچ آلو 39 اور گندم 32.62 فیصد مہنگی ہوئی ،اسی عرصے میں چینی24.27 فیصد،آٹا 15 اور گھی 19.35 فیصد مہنگا ہوا جب کہ مارچ میں سالانہ بنیادوں پر پیاز ساڑھے 50 فیصد سستے ہوئے، سبزیاں 22،آلو 6.25 ٹماٹر 3 اور پھل 2.83 فیصد سستے ہوئے۔