راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی جبر جاری ہے اور تنازع کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر امن ممکن نہیں جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیرانسانی فوجی محاصرہ جاری ہے اور مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں جبری تبدیلی کی جا رہی ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں سے مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی بحران پیدا ہو چکا ہے۔
کشمیر کی صورتحال پر مزید کہا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ضروری ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی مخدوش صورتحال نے علاقائی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا۔