اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنڈورا لیکس کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کا سیل قائم کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ وزیر اعظم کا قائم کردہ سیل پنڈورا لیکس میں شامل تمام افراد سے جواب طلبی کرے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پنڈورا لیکس سے متعلق حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پنڈورا پیپرز میں حکومتی وزرا، معاون خصوصی، کئی نامور پاکستانی سیاستدانوں سمیت 700 سے زائد پاکستانیوں کے نام سامنے آئے ہیں۔ پنڈورا پیپرز میں وزیر خزانہ شوکت ترین کی آف شور کمپنی جبکہ وفاقی وزیر مونس الہٰی اور سینیٹر فیصل واوڈا کی آف شور کمپنیاں سامنے آئیں۔
پینڈورا پیپرز میں وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی عمر بختیار، صدر نیشنل بینک عارف عثمانی، ایگزیکٹ کے مالک شعیب شیخ اور ابراج کے بانی عارف نقوی کا نام بھی موجود ہے۔
تحقیقات میں مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے کی آف شور کمپنی بھی پنڈورا پیپرز میں شامل ہے۔