اسلام آباد میں ایک روز میں ڈینگی کے ریکارڈ کیسز سامنے آگئے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں مزید 125 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جو اب تک شہر میں ایک روز میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے ڈینگی کے 78 اور شہری علاقوں سے 47 کیسزرپورٹ ہوئے جس کے بعد اسلام آبادکے دیہی علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 1015 جب کہ شہری علاقوں میں 513 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
خیبر پختونخوا کی صورتحال
خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 179 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3300 ہوگئی۔
پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 134 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد1041 ہوگئی۔
محکمہ صحت کے مطابق ہری پور میں 14، مردان 9 اور نوشہرہ میں 4 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔
پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 5 ہزار کے قریب پہنچ گئی
وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت لاہورمیں کابینہ کمیٹی برائے کورونا اورڈینگی کا اجلاس ہوا جس میں لاہورمیں 89 دن کیلئےویکسی نیٹرز بھرتی کرنے سمیت ڈینگی فیلڈاسپتال ایکسپو سینٹرکے تمام اخراجات کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صوبے میں ڈینگی کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور سب سے زیادہ کیسز لاہور میں آرہے ہیں، پنجاب کے نجی اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کیلئے 5000 بسترمختص کیےگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا پھیلاؤ روکنا تمام متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے، تمام تعلیمی اداروں میں انسدادڈینگی اسپرے کیا جارہا ہے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی خود مانیٹرنگ کرنی ہوگی۔