امریکی ماہرین نے ایک تحقیق کے بعد یہ دعویٰ کیا ہے کہ کوویڈ 19 کی دو مختلف ویکسین کی خوراکیں لگوانا نہ صرف محفوظ ہے بلکہ زیادہ موثر ہے۔
نئی طبی تحقیق کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک کمپنی کی کورونا ویکسین کی مکمل خوراکوں کے بعد کسی دوسری کمپنی کی بوسٹر خوراک لگوائی جا سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 ویکسینوں کے “مکس اینڈ میچ ” کے ایک انتہائی متوقع مطالعے نے اس نقطہ نظر کو محفوظ اور مؤثر پایا ہے۔
امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جن کو جانسن اینڈ جانسن کی پہلی اور موڈرنا یا فائزر کی دوسری ویکسین لگائی گئی ان میں زیادہ مضبوط مدافعتی نظام پیدا ہوا با نسبت ان لوگوں کے جنہوں نے جانسن اینڈ جانسن کے ہی بوسٹر شاٹس لگوائے۔
واضح رہے کہ ماہرین نے دوسری ویکسین کو بوسٹر شاٹ کے طور پر استعمال کیا ہے اس سے قبل پہلی ویکیسن کی مکمل خوراک لگائی گئی تھی۔
جیسے کے جانسن اینڈ جانسن سنگل ڈوز ویکسین ہے اور اس کی ایک ہی خوراک سے کورونا کی ویکسینیشن مکمل ہو جاتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ جن افراد نے ابتدائی طور پر فائزر یا موڈرنا ویکسینز استعمال کی تھیں اور بعد میں ان میں سے کسی اور کمپنی کی ویکسین کو بوسٹر ڈوز کے طور پر استعمال کیا تو ان میں بھی زیادہ ٹھوس مدافعتی ردعمل پیدا ہوا۔
تحقیق کے یہ نتائج فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی ایڈوائزری کمیٹی کو پیش کیے جائیں گے۔ موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن ویکسین کے بوسٹر شاٹس کے ہنگامی استعمال کی اجازت کی سفارش کی جائے گی ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نتائج کی بہتری کے لیے مزیدتحقیق کی جائے گی۔ اس مطالعے سے یہ معلوم نہیں ہوا کہ کون سی ویکسین کس بوسٹر کے ساتھ بہترین نتائج دے سکتا ہے۔
اس تحقیق میں 458 رضاکاروں کو شامل کیا گیا تھا اور ان میں اضافی خوراک کے استعمال کے 2 اور 4 ہفتوں بعد اینٹی باڈی کی سطح کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
ان رضاکاروں کو یہ اضافی خوراک ابتدائی ویکسینیشن کے 4 سے 6 ہفتوں بعد استعمال کرائی گئی تھی.