اسلام آباد: مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے گھی اور خوردنی تیل سیکٹر میں دوبارہ انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مسابقتی کمیشن کی جانب سے یہ فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے انکوائری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل ہونے کا بعد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر کے سی سی پی کو انکوائری مکمل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 30 جولائی 2020 کو سی سی پی نے خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں اضافے پرانکوائری شروع کی تھی۔
سی سی پی نے 18 جولائی 2021 کو پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے دفاتر کی تلاشی بھی لی تھی۔
پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے دفاترکی تلاشی کے دوران مختلف دستاویزات اور ڈیٹا تحویل میں لیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران ملک میں دیگر اشیائے ضروریہ کے ساتھ ساتھ گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی تسلسل کے ساتھ ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے عوام الناس میں سخت غم و غصہ ہے۔