اسلام آباد: عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی خریداری کے لئے 72.5 ملین امریکی ڈالرز کے فنانسنگ معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ دستخط اسلامی ترقیاتی بینک اور اقتصادی امور ڈویژن کے درمیان کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد الجاسر کی وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان سے ملاقات کے دوران طے پایا جس پر دونوں جانب سے دستخط کیے گئے۔
واضح رہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک اپنے قیام سے لے کر اب تک پاکستان کے لیے 13.6 ارب ڈالرز کی فنانسنگ کر چکا ہے۔
وفاقی وزیراور صدر اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان جاری اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلامی ترقیاتی بینک کی فنانسنگ توانائی، صنعت، زراعت، ٹرانسپورٹ، صحت اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں کی گئی ہے۔
اس ضمن میں ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر اسلامی ترقیاتی بینک نے ملاقات کے دوران پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد الجاسر نے اس موقع پر کہا کہ بنک انفرا اسٹرکچر، سماجی شعبے کی بہتری اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے مزید مالی وسائل فراہم کرے گا۔
صدر اسلامی ترقیاتی بینک نے کہا کہ بینک مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے بھی 180 ملین امریکی ڈالرز کی فنانسنگ فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے اس موقع پر کہا کہ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 800 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا۔