مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور سازش قبول نہیں کریں گے، عمران خان کا وجود پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے، عمران خان کی مماثلت رنگیلا سے دی جا سکتی ہے سراج الدولہ سے نہیں۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے اداروں پر بہتان غداری ہے، ایک جھوٹا اور مکروہ شخص اپنی انا کی خاطر پاکستان کی سلامتی کو داؤ پر لگا رہا ہے، کسی بیرونی سازش کا خطرہ نہیں ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جھوٹ کی بنیاد پر ریاست کی سالمیت کو خطرے میں ڈالتے ہیں تو کیا غداری نہیں ہے، فوج جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اگر ان پر ہرزہ سرائی کی گئی تو برداشت نہیں کریں گے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے نام پر فساد برپا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جس نے عمران خان پر احسان کیا اس کو نقصان پہنچایا، جہانگیر ترین اور علیم خان کو فون کر کے ہتھکڑی لگوائی۔
لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ آپ روم کو جلانا چاہتے ہیں بانسری چھین کر روم کو جلنے سے بچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی اداروں پر حملوں کی اجازت نہ برداشت کی جائے گی، دشمنوں کے ایجنڈے کو پروان نہیں چڑھنے دیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا عمران خان اپنی زبان کو لگام دیں معیشت کے مسائل ہیں آپ کی کرپشن کی فائلیں بھری پڑی ہیں۔
لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا حلف ہو گیا تو عدم اعتماد کا جواز نہیں بنتا، اسپیکر کو قائم مقام اسپیکر بننے کے لیے اسمبلی چھوڑنا ہو گی، انتظامیہ پھولوں سے استقبال کرے اگر ان کے خلاف عدم اعتماد آئی تو پھر انہیں اسمبلی آنا پڑے گا۔