سندھ بھر میں 24 گھنٹوںکے دوران 2400 بچوں میں ڈائریا کی تصدیق ہوئی ہے۔
سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق پانچ سال سے کم عمر کے 1055 بچے ڈائریا کا شکار ہوئے جبکہ پانچ سال سے زائد عمر کے 1344 بچے ڈائریا میں مبتلا ہوئے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ 277 بچے ٹنڈومحمد خان میں رپورٹ ہوئے ہیں، ڈائریا کے سب سے کم شکارپور میں 8 بچے متاثر ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے کہا کہ کراچی کے مختلف اضلاع میں 33 بچے ڈائریا کا شکار ہوئے۔
پاکستان پیڈیا ٹیرک ایسوسی ایشن (پی پی اے ) کے مطابق رپورٹ کیسز اصل کیسز کا صرف 40 فیصد ہیں، کئی ہزار کیسز میں بچوں کو قریبی کلینکس میں سے علاج کروایا گیا۔
پی پی اے کا کہنا ہے کہ ہر اسپتال اور کلینک محکمہ صحت کو اعداد و شمار نہیں بھیجتے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ موجودہ موسم میں ڈائریا بڑھتا ہے، عوام اس موسم میں بچوں کا خاص خیال رکھیں، گرمی کی شدت میں اضافہ ڈائریا پیچش اور ہیضہ بڑھاتا ہے۔