انٹر بینک میں امریکی ڈالر کو ریورس گئیر لگ گیا جس کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہورہا ہے۔
بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر امریکی ڈالر کے سامنے روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی اور ڈالر مسلسل نیچے رہا۔
انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں 11 روپے 38 پیسے کی کمی ہوگئی اورانٹربینک میں ایک ڈالر 227 روپے پر آگیا ہے۔
اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں تیزی سے کمی ہوئی اور روپیہ تگڑا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے سستا ہوکر 229 روپے کا ہوگیا۔
چند روز سے انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے اور گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 46 پیسے کم ہوکر 238 روپے 38 پیسے رہا تھا۔
اس سے قبل انٹربینک میں ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری تھا اور ایک ڈالر کی قیمت 240 روپے تک جا پہنچی تھی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے بورڈ میٹنگ کے اعلان کے بعد صورتحال میں بہتری آئی ہے اور ڈالر نیچے آیا ہے۔
معاشی تجزیہ کار خرم شہزاد نے کہا کہ آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ کی وجہ سے ہی غیریقینی صورتحال تھی، میٹنگ کی تاریخ سامنے آنا ایک بڑی ڈیولپمنٹ ہے، بورڈ میٹنگ کے بعد 1.2 بلین ڈالر آئیں گے جس کے بعد ہی تمام دوست ممالک سمیت دیگر بینک پیسے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سے تین ماہ میں ہمارے پاس ڈالر زیادہ ہوں گے، ایک اچھی چیز یہ ہےکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کم ہورہی ہے، اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر امپورٹس کم کرنے کا بھی اثر پڑا ہے۔