وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں سیلاب کی صورتحال اور تباہی کو بیان کرنے کے لئے طوفان نوح ؑ ( ایک بہت بڑا سیلاب جو نوح ؑ علیہ السلام کے زمانے میں آیا ) کا حوالہ دے دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں کونسل برائے امور خارجہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طوفان نوح ؑمیں 40 دن 40 رات پانی برسا تھا، پاکستان میں جون کے وسط سے جاری بارشیں اگست کے آخر تک جاری رہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ جب بارشیں رکیں تو پاکستان کے وسط میں سو کلومیٹر کی جھیل وجود میں آچکی تھی، جھیل کاپانی اپنے پیچھے تباہی چھوڑتا ہوا سمندر کی طرف جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سات میں سے ایک شخص سیلاب سے متاثر ہوا۔ متاثرین سیلاب کی تعداد کینیڈا کی 95 فیصد آبادی کے برابر ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سیلاب سے 40 لاکھ ایکڑ فصلیں تباہ ہوگئیں، خدشہ ہے دو ماہ بعد گندم کی بوائی بھی نہیں ہوسکے گی، ہمیں اپنے لوگوں کے لیے موسمیاتی انصاف چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ 0.8 فیصد ہے، میں اپنے لوگوں کے لیے امداد کی نہیں انصاف کی بات کروں گا۔