پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں پارٹی کے منحرف اراکین کی جانب سے مدد نہ ملنے کو یقینی بنانے کے لیے قومی اسمبلی میں واپسی کا عندیہ دے دیا۔
پاک الرٹز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجا ریاض کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی لیڈر کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد پی ٹی آئی کو خدشہ ہے کہ اگر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے شہباز شریف سے اعتماد کا ووٹ لینے کو کہا تو راجا ریاض وزیراعظم کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں سمیت قانونی ماہرین کے ساتھ منصوبہ بندی اور مشاورت جاری ہے کہ کس طرح پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حکمران اتحاد کا ساتھ دینے سے روکا جا سکتا ہے۔
راجا ریاض پی ٹی آئی کے ان اراکین قومی اسمبلی کے گروپ کی قیادت کرتے ہیں جنہوں نے گزشتہ برس اپریل میں عمران خان کی وزیراعظم کے عہدے سے برطرفی کے بعد استعفیٰ نہیں دیا تھا جبکہ پی ٹی آئی نے اسمبلی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔