تہران: امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران پر پابندیاں نوجوان لڑکی مھسا امینی کی پولیس کے زیر حراست ہلاکت پر ہونے والے ملک گیر مظاہروں کو طاقت سے کچلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے لگائی گئیں۔
امریکہ نے ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور اور چند اعلیٰ ایرانی حکام پر پابندیاں عائد کی ہیں جبکہ برطانیہ نے مزید پانچ ایرانی عہدیداروں پر پابندی عائد کی ہے۔ برطانیہ کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں کی فہرست میں پچاس ایرانی افراد اور تنظیمیں شامل ہو چکی ہیں۔ یورپی یونین نے بھی سینتیس ایرانی حکام کو بلیک لسٹ کر کے ویزا پابندی عائد کر دی جبکہ کچھ اداروں کے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں۔ امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین نے مزید پابندیوں کی وجہ ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں پر تشدد اور انہیں طاقت کے ذریعے روکنا بتایا ہے۔