اسلام آباد: رکن اسمبلی نورعالم خان نے قومی اسمبلی اجلاس میں سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں اتنا بڑا سانحہ ہو گیا اور یہ لوگ باتوں میں مصروف ہیں، آپ نے ہمیں مرنے کے لیے رکھا ہوا ہے
اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت منعقدہ قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں خیبرپختونخوانے دی ہیں، ہمیں بتائیں، ہمارے ساتھ کیا کرنا ہے؟
رکن قومی اسمبلی نورعالم خان نے کہا کہ پختون پاکستان سے محبت کرتے ہیں، شکوہ یہ ہے کہ پختون آپ کی پالیسیوں سے مرتے ہیں، چاہتے ہیں وزیراعظم ایوان میں آکر پالیسی بیان دیں۔
انہوں نے اجلاس سے خطاب کے دوران استفسار کیا کہ افغانوں کا مسئلہ آپ نے حل کرنا ہے؟ انہیں کس نے کاروبار کرنے کی اجازت دی ہے؟
نور عالم خان نے کہا کہ اسحاق ڈار نے ڈالر 275 پر پہنچا دیا ہے جب کہ غریب دو وقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکاروں کو سب سے کم تنخواہ دی جاتی ہے، اگرپولیس اہلکار شہید ہو جائے تو اہل خانہ کو صرف 10 لاکھ روپے دیئے جاتے ہیں۔
رکن قومی اسمبلی نورعالم خان کی تقریر کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں ہونے والا دھماکہ انتہائی المناک اور افسوسناک ہے، ہرپاکستانی پشاورپولیس لائنزمسجد میں ہونے والے دھماکے پررنجیدہ ہے۔
ن لیگ کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پشاوراورلاہورکی کوئی تقسیم نہیں ہے، ہرمحب وطن کا سوال ہے کہ کیسے آگے بڑھیں؟ لاہورمیں بھی کئی دھماکے ہوئے ہیں،اعلیٰ پولیس افسران شہید ہوئے ہیں، پنجاب میں حملے کرنے والوں کا تعلق پنجاب سے نہیں تھا۔؟