صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کا انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کے لئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ دیا۔
خط میں صدر کا کہنا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں ، آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا اس لیے الیکشن کمیشن الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کا شیڈول جاری کرے۔
خط میں صدرعارف علوی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان کرے تاکہ صوبائی اور مستقبل کے عام انتخابات کے حوالے سے خطرناک قیاس آرائیوں پر مبنی پروپیگنڈے کو ختم کیا جاسکے۔
صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنراور ممبران کو آئین کے تحت حلف کے مطابق بنیادی ذمہ داری کی یاددہانی کروائی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 218 (3) ای سی پی کو انتخابات کو یقینی بنانے کا فرض تفویض کرتا ہے۔الیکشن کمیشن فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہا تو آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار اور جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔