پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کے خلاف فوری تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے صدرِ مملکت عارف علوی کو خط لکھ دیا ، جس میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے حلف کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات بھی صدر مملکت کو ارسال کر دی گئیں۔
میں عمران خان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران عوامی سطح پر نہایت ہوشرباء انکشافات ہوئے ہیں، منظر عام پر آنے والی معلومات سے واضح ہوتا ہے کہ جنرل باجوہ اپنے حلف کی صریح خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں،
عمران خان نے مزید کہا کہ جنرل باجوہ نے جاوید چوہدری کے روبرو اعتراف کیا کہ ’’ہم عمران خان کو ملک کے لئے خطرہ سمجھتے تھے‘‘ ، جنرل باجوہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ’’ہمارے خیال میں اگر عمران خان اقتدار میں رہے تو ملک کو نقصان ہوگا‘‘،
خط میں چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ جنرل باجوہ کی جانب سے ’’ہم ’’کے لفظ کا استعمال تحقیق طلب ہے، تحقیق کی جائے کہ جنرل باجوہ کی جانب سے استعمال کیے گئے اس ’’ہم‘‘ سے کیا مراد ہے،
جنرل باجوہ کو یہ اختیار کس نے دیا کہ وہ منتخب وزیراعظم کے اقتدار میں رہنے کے باعث ملک کے لئے خطرناک ہونے کے حوالے سے فیصلہ کریں، یہ فیصلہ صرف اور صرف عوام کا ہے کہ وہ کسے وزیراعظم منتخب کرنا چاہتے ہیں،
جنرل باجوہ کا اس ضمن میں خود کو فیصلہ ساز بنانا آئین کے آرٹیکل 244 اور تیسرے شیڈول میں دیے گئے حلف کی صریح خلاف ورزی ہے۔