سلام آباد: صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دی ہے۔ صدر مملکت نےسکندر سلطان راجہ کو 20 فروری 2023 کو ایوان صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت الیکشنز کے حوالے سے مشاورت کے لیے دعوت دی۔
خط کے متن میں لکھاگیا ہے کہ ایکٹ کے تحت صدر مملکت عام انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کمیشن سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ اس معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے اور سپریم کورٹ کے حالیہ مشاہدات جیسی کچھ اہم پیش رفت ہوئی ۔
صدر مملکت نے اپنے پہلے خط کا جواب نہ دینے پر چیف الیکشن کمشنر پر ناراضی کا بھی اظہار کیا ہے۔
ان کا خط میں کہنا ہے کہ میں انتظار کر رہا تھا کہ کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا اور اس کے مطابق کام کرے گا، اہم معاملے پر الیکشن کمیشن کے افسوس ناک رویے سے انتہائی مایوسی ہوئی۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو اپنے دفتر میں الیکشن پر مشاورت کے لیے ہنگامی ملاقات کے لیے مدعو کرتا ہوں۔