اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے میں چین کے کردار کا پرتپاک خیرمقدم کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو پختہ یقین ہے یہ اہم سفارتی پیش رفت خطے اور اس سے باہر امن و استحکام میں معاون ثابت ہو گی۔
ترجمان نے کہا کہ ہم اس تاریخی معاہدے کو مربوط کرنے میں چین کی دور اندیش قیادت کے کردار اور اس مثبت پیش رفت پر مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت کو سراہتے ہیں۔
دونوں برادر ممالک کے درمیان خلیج کو پر کرنے کیلئے مسلسل تعاون اور ہم آہنگی کی کوششوں کی تاریخ کے ساتھ، پاکستان مشرق وسطیٰ اور خطے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمیں امید ہے یہ مثبت قدم علاقائی تعاون اور ہم آہنگی کیلئے ایک سانچے کو متعین کرے گا۔