اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس میں رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شہباز گل پر ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ ہوسکی اور عدالت نے کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شہباز گل پر اداروں کو بغاوت پر اکسانے سے متعلق کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
گزشتہ سماعت پر شہباز گل فیصل آباد میں انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے سبب عدالت میں پیش نہیں ہو سکے تھے لہٰذا ان کی عدم حاضری پر فردجرم عائد نہیں ہو سکی تھی، ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس نے ملزمان کو آج حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔
آج سماعت کے لیے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا کی عدالت میں شہباز گِل اور ان کے وکلا قیصر امام اور علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔