ملک کے بیشتر حصوں میں شدید دھند کے سبب ٹریفک حادثات میں چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
اوکاڑہ میں سات گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں دو بچے اور دو خواتین شامل ہیں جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق40 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں نزدیکی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور موٹروے کو ٹریفک کیلئے کھولا جارہا ہے۔
اوچ شریف میں بھی دھند کے باعث موٹر سائیکل اوررکشہ میں تصادم ہوا ہے جس کے سبب تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ نواحی علاقے موضع رسول پور بختیاری روڈ پر ہوا ہے۔
ترجمان موٹر ویز پولیس نے خبردار کیا ہے کہ ایم ون، ایم ٹو، ایم تھری اور ایم فور شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، شہری غیرضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان کے مطابق ایم ون پشاور سے برھان انٹر چینج تک بند ہے، ایم ٹو، کلر کہار، بھیرہ، سالم، کوٹمومن، اورلاھور تک بند ہے جب کہ ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند ہے۔ موٹر وے پولیس نے آگاہ کیا ہے کہ ایم فور فیصل آباد سے گوجرہ,خانیوال سے ملتان شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گی ہے۔