پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پیشی کے لئے لاہور ہائیکورٹ پہنچ گئے۔
عدالت میں پیشی کے لئے سیکیورٹی اسکواڈ عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچا۔
ایلیٹ فورس کی 3 گاڑیاں، ایک ایمبولینس اور ایک فائر بریگیڈ کی گاڑی زمان پارک پہنچائی گئی۔
ایلیٹ فورس کی گاڑیاں، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑی لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران عمران خان کی سیکیورٹی کا حصہ تھیں۔
عمران خان ممکنہ طور پر لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونے کے لئے 11 بجے زمان پارک سے روانہ ہوئے جو اب عدالت پہنچ گئے۔
اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروئی روکنے کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کرلی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بینچ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر آج سماعت کرے گا۔
عمران خان نے اپنے اوپر قائم 121 مقدمات کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
درخواست میں سیکرٹری داخلہ، وزارت قانون، دفاع، سیکرٹری کیبنیٹ ڈویژن، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، اینٹی کرپشن، نیب، ایف آئی اے، وزیر اعظم، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔