وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کریں گے
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ آئندہ ماہ بھارت کے شہر گووا جائیں گے جہاں وہ مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے جو اجلاس کے شیڈول میں ہوتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سے دیرینہ وابستگی کے باعث اجلاس میں شرکت کرتا ہے، تنظیم کا موسمیاتی تحفظ کے بارے میں چوتھا وزارتی اجلاس نئی دہلی میں آن لائن انداز میں منعقد ہوا تھا۔
نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کی جہاں پاکستان نے ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی تغیر سے نمٹنے کے لیے علاقائی سطح پر مشترکہ انداز میں کام پر زور دیا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا ہنگامی حالات کی روک تھام، تدارک کے لیے ادارہ جاتی اجلاس بھی منعقد ہوا، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر سلیم شہزاد ملک نے کی۔