لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی و معاشی بحران کا واحد حل انتخابات ہیں۔
لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ سیاسی جماعتیں بے معنی کی بجائے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کریں۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک میں سیاسی افراتفری اور انتشار کے ہوتے ہوئے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، ملک کو سیاسی، آئینی،معاشی بحرانوں سے نکالنے کا راستہ قومی انتخابات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے لیے تمام جماعتوں میں اتفاق رائے سب کی ضرورت ہے، پارلیمان، عدلیہ ایک دوسرے کو فتح کرنے کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ الیکشن پر اتفاق رائے پیدا ہونے تک جماعتوں سے رابطےجاری رکھیں گے، علاوہ ازیں سراج الحق نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے بحفاظت انخلاء پر سعودی عرب کاشکریہ ادا کیا۔