پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر محمود مولوی نے کہا کہ میں اعلان کر رہا ہوں کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے عمران خان نے ٹکٹ دیا تھا اور پارٹی نے بڑی عزت دی، پارٹی چھوڑنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ میں اپنی افواج کے خلاف زندگی میں کبھی گیا ہوں نہ جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بدل سکتے ہیں، آج پی ٹی آئی ہے کل مسلم لیگ (ن) ہوگی اور پرسوں پیپلز پارٹی اور کبھی جماعت ہوگی لیکن ہم فوج کو کبھی نہیں بدل سکتے۔
محمود مولوی نے کہا کہ مجھے 65 اور 71 کی جنگ یاد ہے، آج اسی فوج کی وجہ سے پاکستان سلامت ہے اور پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، انفرادی طور پر جھگڑا ہوتا ہے، یہ ہوسکتا ہے مجھے کسی کی شکل پسند نہ ہو، کوئی بریگیڈیئر یا کوئی جنرل پسند نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میں بیٹھ کر پوری فوج کو کہوں گا کہ یہ فوج صحیح نہیں ہے اور فوج کے اوپر خاص طور پر شہدا اور ان کی یادگاروں پر ہنگامہ آرائی اور جو توڑ پھوڑ ہوئی ہے، ہم کیا کہنا چاہتے ہیں۔