لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
شیریں مزاری کے وکلاء بیرسٹر شعیب رزاق اور انیق کھٹانہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری بھی عدالت میں موجود تھیں۔
شیریں مزاری کے وکلاء بیرسٹر شعیب رزاق کے درخواست پر دلائل دیے۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کو رہا کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر شیریں مزاری کسی مقدمے میں نامزد نہیں تو ان کو دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے ۔
عمران خان رہنماؤں اور کارکنوں کو بھول گئے ہیں، ایمان مزاری
ایمان مزاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایک ہفتے میں 3 بار گرفتار کیا گیا ہے، حکومت گھروں کو اس طرح برباد نہ کرے ۔
انہوں نے عمران خان کے حوالے سے کہا کہ عمران خان رہنماؤں اور کارکنوں کو بھول گئے ہیں۔
ایمان مزاری نے مزید کہا کہ والدہ کے ساتھ کھڑی ہوں، میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں۔